مردان،14 ستمبر(اے پی پی ): تھانہ جبر پولیس کی اہم کارروائی، اسلحہ کی نوک پر راہزنی کرنے والے ڈکیت گروہ کے تین ملزمان گرفتار،واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ، چھینی گئی ٹریکٹر ٹرالی اور 65ہزار روپے بھی برآمدکر لیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہ نواز ولد سید رسول نے اسلحہ کی نوک پر ٹریکٹر ٹرالی، موبائل فون اور نقد رقم چھیننے کی رپورٹ نا معلوم ملزمان کے خلاف تھانہ جبر میں درج کرائی، جس کا ضلعی پولیس سربراہ ڈاکٹر زاہد اللہ نے نوٹس لیتے ہوئے واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے ڈی ایس پی رورل سرکل عدنان اعظم کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ جبر محمد بشیر، ایس ایچ او تھانہ چورہ خائستہ خان اور انچارج چوکی شنکر عمیر خان پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی،جنہوں نے جدید سائنسی خطوط اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے ذریعے واردات میں ملوث ڈکیت گروہ کے تین ملزمان عبدالاحد ولد صفی اللہ سکنہ جمال گڑھی، محمد رضوان ولد عبد الحمید سکنہ وزیرستان حال جمال گڑھی اور سید نبی ولد گلافت سکنہ باڑہ ناکے خوڑ تک رسائی حاصل کر کے گرفتار کر لیا۔
پولیس کےمطابق گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ۔ملزمان کی نشاندہی پر چھینی گئی ٹریکٹر ٹرالی، 65ہزار نقد رقم اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ پستول بھی برآمد کر کے گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے جن سے مزید اہم انکشافات بھی متوقع ہیں۔