اسلام آباد ، 3 0ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے غیرمتوقع مشکل حالات میں معاشرے کے انتہائی غریب اورکمزورطبقات کی دیکھ بھال اورخیال رکھنے کے ضمن میں تخفیف غربت ڈویژن کوکوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نقد معاونت کی دوسری قسط کیلئے کفالت پروگرام، ایمرجنسی کیش پروگرام اوربینک سروس چارج کے ضمن میں حتمی مطلوبہ فنڈز کی تفصیلات فراہم کرنے کی صورت میں فنانس ڈویژن سماجی تحفظ وتخفیف غربت ڈویژن کو تمام ممکنہ معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے یہ بات وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ وتخفیف غربت ڈاکٹرثانیہ نشتر کے ہمرارہ جمعرات کویہاں وزارت خزانہ میں کوویڈ 19 سے متعلق احساس کیش معاونت پیکیج کی دوسری قسط جاری کرنے کی تیاریوں سے متعلق اجلاس کی مشترکہ صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹرثانیہ نشترنے ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کوبتایاکہ پروگرام کے پہلے مرحلہ میں ایک لاکھ 46 ہزارخاندانوں میں بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت 12 ہزارروپے فی خاندان 175 ارب روپے تقسیم کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں دوسرے مرحلے میں ان لوگوں کو اضافی نقد امداد فراہم کی جارہی ہے جوزیادہ ضرورت مندہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کفالت پروگرام سے 46 لاکھ افراد کوباقاعدہ بنیادوں پرمعاونت فراہم کی جارہی ہے جبکہ وباءکے دنوں میں بنیادی ضروریات کو پوراکرنے کیلئے ایک لاکھ 16 ہزارخاندانوں کو ایک باراحساس کیش معاونت فراہم کی گئی۔وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہاکہ دوسری قسط کیلئے احساس ہنگامی معاونت سے استفادہ کرنے والوں کی نظرثانی شدہ فہرست تیارکی جائیگی کیونکہ وائرس کے پھیلاﺅ میں کمی اورکاروبارکھولنے سے معاونت حاصل کرنے والوں کی تعداد میں کمی آسکتی ہیں ، اس ضمن میں وزارت خزانہ کوتمام ترتفصیلات سے آگاہ کیاجائیگا۔ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے غیرمتوقع مشکل حالات میں معاشرے کے انتہائی غریب اورکمزورطبقات کی دیکھ بھال اورخیال رکھنے کے ضمن میں تخفیف غربت ڈویژن کوکوششوں کوسراہا۔انہوں نے کہاکہ نقدمعاونت کی دوسری قسط کیلئے کفالت پروگرام، ایمرجنسی کیش پروگرام اوربینک سروس چارج کے ضمن میں حتمی مطلوبہ فنڈز کی تفصیلات فراہم کرنے کی صورت میں فنانس ڈویڑن سماجی تحفظ وتخفیف غربت ڈویژن کو ممکنہ معاونت فراہم کرے گا۔انہوں نے احساس ایمرجنسی کیش معاونت پروگرام کے پہلے مرحلہ میں شفافیت کے معیاراوراخراجات بارے وزارت خزانہ کواپ ڈیٹ فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔











