مقرر کردہ روئی کے ہدف کیلئے حکومت پنجاب تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے:وزیر زراعت  ملک نعمان

120

ملتان،05 ستمبر(اے پی پی): وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ  صوبہ میں مقرر کردہ روئی کی گانٹھوں کے ہدف کے حصول کیلئے حکومت پنجاب تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ مطلوبہ پیداواری ہدف کے حصول کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کا تعاون اشد ضروری ہے۔

ان  خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں کاٹن کراپ مینجمنٹ گروپ کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید، سیکرٹری زراعت ساؤتھ پنجاب ثاقب علی عطیل بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر زراعت نے مزید کہا کہ اس وقت تک فصل کپاس کی حالت تسلی بخش ہے۔انہوں نے متعلقہ فارمیشنز کو ہدایت کی کہ وہ کاشتکاروں کی رہنمائی کے عمل میں جاری فیلڈ سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں۔

انہوں نے کہا کہ  زرعی ٹاسک فورس نے 17 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات و کھادوں کو ضبط کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ مون سون بارشوں،سیلاب ویگر قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے حکومت پنجاب نے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے  کہا کہ کاشتکاروں کی رہنمائی کے عمل میں مزید تیزی لانے کیلئے کاٹن زون میں ایڈیشنل سٹاف تعینات کردیا گیا ہے، ایڈیشنل سٹاف 15اکتوبر تک کپاس کے علاقو ں میں فیلڈ سرگرمیاں جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں معیاری زرعی ادویات اور کھادوں کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے،زرعی مداخل کی مقرر کردہ قیمتوں پر فروخت یقینی بنائی جارہی ہے جبکہ مون سون کی بارشوں اور موسمی پیشین گوئی  کے بارے معلومات کاشتکاروں تک بروقت پہنچائی جارہی ہیں۔

اس موقع پرسیکرٹری زراعت ساؤتھ پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ کپاس کی پیداوار میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں،جنوبی پنجاب میں کپاس کی فصل کے نگہداشتی امور بارے فیلڈسرگرمیوں کا باقاعدگی سے جائزہ بھی لے رہے ہیں۔

اے پی پی/ملتان/قرۃالعین