ملتان؛ غلہ منڈی اور لوہا مارکیٹ کو شہر سے باہر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی شروع

161

ملتان ، 22 ستمبر (اے پی پی): غلہ منڈی اور لوہا مارکیٹ کو شہر سے باہر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی شروع کردی گئی۔ٹمبر مارکیٹ،سبزی منڈی،جنرل بس اسٹینڈ اور ٹرک سٹینڈزکی شہرسے باہر منتقلی پلان میں شامل ہے۔

 منصوبے کی فزیبلٹی تیار کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں چئیرمین ایم ڈی اے میاں جمیل احمد، ڈی جی ایم ڈی اے آغا محمد علی عباس ،اے ڈی سی ریونیو محمد طیب خان اور اے سیز عابدہ فرید اور آبگینے خان، چیف آفیسر اقبال فرید، چئیرمین مارکیٹ کمیٹی اکرم چاون اور سیکرٹری اعجاز سلیم بھی موجودتھے۔ ڈپٹی کمشنرعامرخٹک نے کہا کہ ہیوی ٹریفک کے داخلے کاسبب بننے والی منڈیوں کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ منڈیوں اور اسٹینڈز کی ہیوی اور سست رفتار گاڑیوں نے شہرکا ٹریفک سسٹم یرغمال بنارکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت جامع پلاننگ کے ذریعے منصوبے پر عمل کرے گی ۔

عامرخٹک نے کہا کہ حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر آگے بڑھنا چاہتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منصوبہ تیار کرنے کا حکم دےدیا ہے اورحکومت مستقبل کی 50 سالہ ضروریات کو مدنظر رکھ کر جگہ کا تعین کرے گی۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے منصوبے پر پیش رفت کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کردیا۔

 اے سی سٹی عابدہ فرید کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں چیف آفیسر،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اور ایم ڈی اے کا آفیسرشامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کمیٹی منڈیوں اور اسٹینڈز کے نمائندوں سے نئی جگہ کے تعین بارے بات چیت کرے گی اور کمیٹی ایک ہفتے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملتان مستقبل میں صوبہ جنوبی پنجاب کا دارالحکومت بنے گا۔

 چیئرمین ایم ڈی اے میاں جمیل احمد نے کہاکہ شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر بنانے کے لئے ابھی سے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

 ڈائریکٹرجنرل ایم ڈی اے آغا محمد علی عباس نے کہا کہ ایم ڈی اے کے ماسٹر پلان کے مطابق وہاڑی اور دنیا پور روڈ پر منڈیوں کو شفٹ کیا جا سکتا ہے۔ موجودہ غلہ وسبزی منڈی،لوہا مارکیٹ اور ٹرک اسٹینڈز 700 کنال رقبہ پر محیط ہیں۔ منڈیوں کے قیام کے لئے وہاڑی،دنیا پور روڈ،شیر شاہ اور شجاع آباد روڈ پر وسیع قطہ اراضی دستیاب ہے۔