ملتان ٹی ہاوس کے زیراہتمام چوتھی ریشم دلان کانفرنس اکتوبر میں سجے گی

114

ملتان، 12 ستمبر(اے پی پی):ملتان ٹی ہاوس کے زیراہتمام چوتھی ریشم دلان کانفرنس اکتوبر کے آخری ہفتے میں سجے گی،  کانفرنس میں ادب اور صحافت سے وابستہ نامور شخصیات کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 فیصلہ ملتان ٹی ہاوس میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا ڈپٹی کمشنر و صدر ملتان ٹی ہاوس عامر خٹک سمیت معروف شاعر اور ملتان ٹی ہاوس کے سیکرٹری جنرل خالدمسعود خان، معروف کالم نگار اور ملتان ٹی ہاوس کے جوائنٹ سیکرٹری شاکر حسین شاکر بھی اجلاس میں شریک تھے۔

دوران اجلاس گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ شاعر اور ادیب معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،

اولیاء کی سرزمین ملتان کا آرٹ،کلچر اور شعروادب کےحوالے سے ایک بلند مقام ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریشم دلان کانفرنس کا انعقاد  ایک اعزاز ہے، ضلعی انتظامیہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے لئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کانفرس کے انعقاد کے لئے ملتان ٹی ہاوس کی عمارت کی تزئین و آرائش کی جائے گی،ٹی ہاوس میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے متبادل انتظام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ساونڈ سسٹم،لائٹس اور فرنیچر کی کمی کو پورا کیا جائے گا۔

خالد مسعود خان  نے کہا کہ ملتان ٹی ہاوس ادبی حوالے سے پورے ملک میں ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے، ملتان ٹی ہاوس ادب کی ترویج میں اہم کردار ادا کرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان ٹی ہاوس کی شکل میں شعراء، ادیبوں، دانشوروں اور لکھاریوں کو مکالمے کے لئے جگہ میسر آئی ہے۔

 خالد مسعود خان نے کہا کہ کانفرنس میں زاہدسلیم گوندل،مسعود اشعر اور اصغر ندیم سید سمیت ارشاد عارف،ڈاکٹر یوسف خشک اور ہارون الرشید کو بھی دعوت دی جائے گی جبکہ بیرسٹر ظفراللہ خان ،بشریٰ رحمان اور روف کلاسرہ بھی کانفرنس کے مہمان بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان سے تعلق رکھنے والے نامور شعراء،ادیب اور لکھاری بھی کانفرنس میں اپنے مکالے پڑھیں گے۔

خالد مسعود خان نے کہا کہ کانفرنس کے تمام شرکاء میں 1938 میں شائع ہونے والی کتاب “مرقع مولتان” تقسیم کی جائے گی جبکہ

ڈاکٹر اسلم انصاری،ڈاکٹر اسد اریب اورٹی ہاوس کے لائف ممبرخلیل احمد کی کتب بھی شرکاء کو بطور تحفہ پیش کی جائےگی۔

 خالد مسعود خان نے کہا کہ کانفرنس میں  ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کو ٹی ہاوس کی لائف ممبر شپ دینے کا بھی اعلان کیا جائے گا۔

 شاکر حسین شاکر نے کہا کہ کانفرنس کے موقع پر پروفیسراسلم انصاری اور ڈاکٹراسد اریب کے اعزاز میں بھی تقریب منعقد کی جائے گی اور تقریب میں پروفیسر اسلم انصاری اور ڈاکٹراسداریب کوانکی  ادبی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ کانفرنس میں پڑھے جانیوالے مقالہ جات کو “مقالات ملتان” کے نام سے کتابی شکل میں شائع کیا جائے گا۔

 شاکر حسین شاکر نے کہا کہ کانفرس کے تمام شرکاء کو مقالات ملتان تحفے کے طور پر پیش کی جائے گی،تمام شرکاء کو تاریخ ملتان پر مبنی چارنئی شائع ہونیوالی کتب بھی بطور تحفہ دی جائیں گی۔

اس موقع پر خالد مسعود خان اور شاکرحسین شاکر نےڈپٹی کمشنر کو گزشتہ کانفرنس کے مقالاجات پر مبنی کتابیں بھی پیش کیں۔