وزیراعظم عمران خان سے یو این ڈی پی کے وفد کی ملاقات

100

اسلام آباد، 9 ستمبر (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان سے یو این ڈی پی (یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام) کے وفد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔

 یو این ڈی پی کی پاکستان میں موجود نمائندہ ایلیﺅنہ نیکولیٹا نے وزیرِاعظم عمران خان کی ہیومن ڈویلپمنٹ میں خصوصی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیرِاعظم کی ذاتی دلچسپی جہاں ملک میں انسانی ترقی کے فروغ کا باعث ہے وہاں یو این ڈی پی کے مقاصد کی تکمیل میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز (پائیدار ترقی کے مقاصد) کو اپنانا، ان مقاصد کے حصول کے لئے موثر حکمت عملی اور وسائل کی فراہمی نہایت قابل تحسین ہے۔ انہوں نے یو این ڈی پی کو حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سپورٹ پر وزیرِاعظم کا شکریہ ادا کیا۔

یو این ڈی پی کے وفد نے کوویڈ کے دوران حکومت پاکستان کی حکمت عملی خصوصاً معاشی عمل کی روانی اور معاشرے کے کمزور طبقوں کی مالی معاونت جیسے اقدامات کو سراہا۔

 وزیرِاعظم عمران خان نے پاکستان میں انسانی ترقی کے حوالہ سے یو این ڈی پی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح انسانی ترقی اور خصوصاً معاشرے کے کمزور طبقوں کو معاونت فراہم کرنا اور ان کو غربت سے نکالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بااثر طبقہ نے نظام کو مفلوج کرکے ریاستی وسائل سے فائدہ اٹھایا۔ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ریاستی وسائل عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کے لئے استعمال ہوں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ یو این ڈی پی اور موجودہ حکومت کے مقاصد مشترکہ ہیں لہٰذا حکومت یو این ڈی پی کو ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی تاکہ مشترکہ مقاصد کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔

ملاقات میں وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر و دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔