وزیراعلئ بلوچستان جام کمال خان نے پاک افغان سرحد بادینی کے مقام پر دو طرفہ تجارت کیلئے بادینی ٹریڈ ٹرمینل کا افتتاح کیا

312

قلعہ سیف اللہ 15ستمبر (اے پی پی): وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ تجارت کیلئے پاک افغان سرحد پر بادینی گزرگاہ کا افتتاح کیا ۔ تقریب میں کمانڈر سدرن کمانڈ وسیم اشرف نے انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان میجر جنرل فیاض حسین شاہ کے ہمراہ شرکت کی فرنٹیئر کور بلوچستان کی جانب سے وزیراعلی بلوچستان ،کمانڈر سدرن کمانڈ، آئی جی ایف سی اور صوبائی وزیرداخلہ کو بادینی گیٹ وے سے متعلق سیکیورٹی اور مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی- فرنٹیئر کور کے زیراہتمام تقریب پاک- افغان سرحد بادینی کے مقام پر منعقد ہوئی۔ اس موقع پر صوبائی وزراء، اعلی ملٹری و سول حکام، قبائلی عمائدین، پاکستان کسٹمز، تاجر تنظیموں کے نمائندے اور مقامی افراد نے شرکت کی ۔بادینی گیٹ وے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک-افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب کے بعد بادینی ٹریڈ ٹرمینل کا قیام ایک اہم پیشرفت ہے۔ ٹریڈ ٹرمینل کا قیام پاک فوج،  ایف سی بلوچستان اور صوبائی حکومت کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں ایف سی بلوچستان کے کردار پر آئی جی ایف سی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بادینی ٹرمینل سے دونوں ممالک کے مابین نہ صرف تجارت بڑھے گی بلکہ وسطی ایشیائی ممالک تک تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا جس سے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ٹرمینل کے قیام سے علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا جسکا فائدہ دونوں جانب کے تاجروں کو ملے گا ۔ٹریڈ ٹرمینل کے قیام سے سوشو اکنامک ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور  ٹریڈ ٹرمینل سے ضلع قلعہ سیف اللہ اور ملحقہ اضلاع میں سڑکوں بجلی ٹیلیفون جیسی بنیادی سہولتیں میسر آئینگی۔