اورسیز پاکستانیوں کو محفوظ اور موثر مالیاتی نظام بینکاری کی سہولیات “روشن ڈیجیٹل اکاونٹ پروگرام”کے حوالے سے ویبینار کا انعقاد

857

 

واشنگٹن،17 ستمبر(اے پی پی ): امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام اسٹیٹ بینک ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعہ اورسیز پاکستانیوں کو ایک محفوظ اور موثر مالیاتی نظام اور بینکاری کی سہولیات “روشن ڈیجیٹل اکاونٹ پروگرام”کے حوالے سے ویبینار کا انعقاد کیا  گیا ۔ امریکہ میں متعین سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان سمیت گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر رضا باقر، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک، ڈاکٹر مرتضی سید اور دیگر مقررین نے  ویبینار سے خطاب کیا ۔

ویبینار سے خطاب میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاونٹ پروگرام پاکستان کی قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے اورسیزپاکستانیوں کو موثر اور آسان بینکنگ سروسزکی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ایک اہم عملی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اورسیزپاکستانیوں کو پاکستان کے بینکنگ اور ادائیگیوں کے نظام کے ساتھ مکمل طور پر منسلک کرتے ہوئے معاشی ترقی کے عمل میں حصہ دار بنانے کیلئے ایک موقع ہے ۔

پاکستانی سفیر نے  کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پروگرام کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعظم پاکستان نے کیا،لاکھوں پاکستانی تارکین وطن (این آر پی) کے لئے بینکاری کی سہولیات کی فراہمی حکومت پاکستان کا انتہائی اہم اور بڑا اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار اورسیزپاکستانیوں (NRPs) کو کسی سفارتخانے یا قونصل خانے جائے بغیر مکمل طور پر ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے بینک اکاؤنٹ کھولنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

ویبنار میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کے اراکین اور واشنگٹن ڈی سی ، نیویارک ، شکاگو ، ہیوسٹن ، لاس اینجلس کے علاوہ دیگر امریکی ریاستوں سے تعلق رکھنے والی معروف کمیونٹی تنظیموں اور کاروباری نمائندوں نے بھی شرکت کی۔