کوئٹہ، 29 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بلوچستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں، یہاں آکر ہمیشہ خوشی محسوس ہوتی ہے۔ بلوچستان کے لوگ محب وطن، مہمان نواز اور پیار کرنے والے لوگ ہیں اور صوبوں کے مابین ہم آہنگی اور باہمی تعاون کا فروغ ملک کے استحکام کے لئے ضروری ہے۔وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ پنجاب اور بلوچستان کے درمیان تعلقات اور تعاون میں گذشتہ دوسال کے دوران مثالی اضافہ ہوا ہے وزیر اعلی نے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں زیر تعلیم بلوچستان کے طلبا کے مسائل سے متعلق بھی بات چیت کی اور بلوچستان کے طلبا کے مسائل سے آگاہ کیا گورنر پنجاب نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کے طلبا کے مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کروں گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے گورنر پنجاب کو بلوچستان میں جاری ترقیاتی عمل اور امن وامان کی بہتری کے حوالے سے بریفنگ دی
گورنر پنجاب نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کوئٹہ میں بہت بڑی تبدیلی دیکھ رہا ہوں، صوبے میں امن کے قیام اور ترقی کے لئے دعاگو ہوں۔











