پشاور،20 ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور ریوائیول پلان کے تحت سڑکوں کی اپ لفٹ اوربیوٹیفیکیشن سمیت تمام منظور شدہ منصوبوں پر بلا تاخیر عملی کام شروع کرنیکی ہدایت کردی اور شہر میں بجلی کی ترسیل کے نیٹ ورک کو طویل مدتی پلان کے تحت مرحلہ وار زیر زمین منتقل کرنے کی تجویز سے اصولی اتفاق کرتے ہوئے پیسکو حکام سے بات کرنے کے احکامات جاری کئے۔
وزیر اعلی محمود خان اتوار کو یہاں پشاور ریوائیول پلان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں انکو پشاور رائیوول پلان پر جامع بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں وزیراعلی کو بتایا گیا کہ ریوائیول پلان کے تحت باچا خان چوک تا چارسدہ بس ٹرمینل روڈ ، دلہ زاک روڈ ، بھانہ ماڑی روڈ اور نشتر آباد چوک سے رام داس چوک تک سرکلر روڈ کی اپ لفٹ اور بیوٹیفیکیشن کیلئے ورک آرڈر ز جاری کئے جا چکے ہیں اور آئندہ ماہ مذکورہ منصوبوں پر سول ورک کا اجراءکردیا جائیگا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹریفک مینجمنٹ پلان پشاور کے تحت زون ایف کیلئے 110ملین روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں جبکہ زون ڈی میں ٹریفک مینجمنٹ پلان کیلئے ٹنڈر پر کام شروع ہے۔ اسطرح رنگ روڈ کے شمالی سیکشن (ورسک روڈ تا ناصر باغ)کی تعمیر کے لئے زمین کے حصول پر کام شروع ہے۔۔