لاہور،21 ستمبر (اے پی پی): وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بارہ اپوزیشن جماعتوں نے گزشتہ روز اگلے چار ماہ کا کرپشن پلان طے کیا ہے، آئندہ چار ماہ اپوزیشن نے ڈیل، ڈھیل یا این آر او کے لیے سر توڑ کوششیں کرنی ہیں لیکن وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے کسی کرپٹ کو معافی نہیں ملے گی۔
اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس پر اپنے ویڈیو پیغام میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 2000 میں بھی اس سے ملتا جلتا پلان آف کرپشن قوم نے دیکھا ہے۔ ایک طرف نواز شریف، بینظیر بھٹو اور اپوزیشن سے ملکر اتحاد بنا رہے تھے۔ دوسری جانب نواز شریف اپنے فرنٹ مینوں کے ذریعے پرویز مشرف کے ساتھ اپنے معاملات سیدھے کر رہے تھے،نتیجتاً، نواز شریف تقریباً 100 سوٹ کیسوں اور ذاتی ملازمین کے ساتھ پردیس نکل گئے اور 2006 میں پاکستانی قوم کو میثاقِ جمہوریت کا لالی پاپ دیا گیا۔ میثاق جمہوریت کے دستخط کنندگان کے لیے کسی آمر، ڈکٹیٹر سے رابطہ نہ کرنے کی شق بھی رکھی گئی تھی۔ بعد ازاں بینظیر بھٹو نے پرویز مشرف کے ساتھ وطن واپسی کی ڈیل کی اور این آر او حاصل کیا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 2008 میں نواز شریف نے APDM اتحاد کے فورم سے اپوزیشن کو چونا لگایا۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوۓ کہا کہ نواز شریف تمام جماعتوں سے الیکشن بائیکاٹ کا اعلان کروا کر خود انتخابی میدان میں کود پڑے۔
فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ الائیڈ پارٹیز فار کرپشن صرف ایک دوسرے کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ اور اگر کچھ کرنا ہوتا تو بلاول کل ہی سندھ اسمبلی تحلیل اور شریف خاندان استعفوں کا اعلان کرتے۔