وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبہ میں نرسنگ کیڈر کی بہتری کیلئے اقدامات کی اصولی منظوری دے دی

105

لاہور، ستمبر 25(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب میں نرسنگ کیڈر کی بہتری کیلئے اقدامات کی اصولی منظوری دے دی۔ نرسوں کے سروس سٹرکچر کو اپ گریڈ، ترقیوں کے امور کو سٹریم لائن کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

نرسنگ کے شعبہ میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کیلئے سکالر شپ دینے کی بھی اصولی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعلی پنجاب کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ نرسنگ سکولوں کو نرسنگ کالجوں میں اپ گریڈ کیا جائے گا، نرسنگ کالجوں کے ساتھ ہاسٹل بھی بنائے جائیں گے، نرسوں کو سکالر شپ پر بیرون ملک بھجوایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ نرسوں کیلئے بڑے پیکیج کا جلد اعلان کریں گے۔ عثمان بزدار نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کیلئے بزنس پلان جلد تیار کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت نے شعبہ صحت میں انقلابی اصلاحات کی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ 50لاکھ سے زائد صحت انصاف کارڈمستحق افراد میں تقسیم کرچکے ہیں۔صحت انصاف کارڈکادائرہ کار مرحلہ وار مزید بڑھائیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پاکستان کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کیلئے بزنس پلان جلد تیار کرنے کی ہدایت بھی دی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ محکمہ صحت متعلقہ حکام کے ساتھ ملکر جتنی جلدی ہوسکے حتمی سفارشات پیش کرے۔

ادارے کو متحرک اندازمیں چلانے کیلئے تمام آپشن سامنے رکھ کر فیصلے کیے جائیں۔