پاکستان اور مصر کے مابین اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

61

اسلام آباد ، 16 ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور مصر کے مابین مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

یہ بات انہوں نے پاکستان میں مصری سفیر طارق ڈہرورو سے بات چیت کرتے ہوئے کہی،جنہوں نے بدھ کو وزارتِ خارجہ ان سے میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے مصری سفیر کو پاکستان میں تعیناتی اور بطور سفیر ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ فریقین نے پاکستان اور مصر کے مابین موجود گہرے دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں  نے کہا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی،ڈی 8 جیسے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان اور مصر کے مابین گہرے روابط کا ہونا قابلِ تحسین ہے۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے مابین، باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔انہوں  نے پاکستان اور مصر کے مابین، قیادت اور عوام کی سطح پر روابط کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف مصری سفیر کی توجہ دلائی  اور مصری قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔