لاہور، 5ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کاچوتھا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پنجاب میں شروع کئے جانے والے منصوبوں کے امور کاجائزہ لیا گیا-اجلاس میں بورڈ کے تیسرے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت راولپنڈی رنگ روڈ کے منصوبے کی منظوری سمیت راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے پرکام شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ 50ارب روپے کا میگا منصوبہ ہے، راولپنڈی کے لوگوں سے کیاگیا ہر وعدہ پورا کریں گے-انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ بننے سے راولپنڈی کے شہریوں کے ٹریفک مسائل حل ہوں گے اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔
وزیر اعلی پنجاب نے ہدایت دی کہ منصوبے کے امور کی ٹائم لائن طے کی جائیں اور تیزی سے معاملات آگے بڑھائے جائیں،اس منصوبے میں طے کردہ ٹائم لائن میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے پوری سپورٹ فراہم کرے گی۔
پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کے اجلاس میں 10دیگر منصوبوں کے لئے ٹرانزیکشن ایڈوائزر مقرر کرنے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پی پی پی پراجیکٹ کے لئے پراسیس کی مدت کو کم سے کم کرنے کی ہدایت بھی دی۔انھوں نے کہا کہ پی پی پی موڈ میں منصوبوں کو جلد سے جلد آن گراؤنڈ ہونا چاہیے،ایسا میکنز م تشکیل دیاجائے جس سے پی پی پی موڈ کے منصوبوں کو جلد شروع کیاجاسکے اور اس ضمن میں قانونی پہلوؤں کو بھی مد نظر رکھا جائے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت اگلے چند روز میں شیخوپورہ گوجرانوالہ روڈ کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کرے گی اور مستقبل میں ہسپتالوں کی تعمیر کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے۔
وزیر اعلی نے ہدایت دی کہ شعبہ صحت میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فروغ کیلئے جامع بزنس ماڈل تیار کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کی حکومت شعبہ صحت میں بہترین سروس ڈلیوری پر یقین رکھتی ہے۔











