بورے والا ،29 ستمبر(اے پی پی ): سابق ممبر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری نذیر احمد جٹ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے بورے والا کو ضلع کا درجہ دینے کے علاوہ متعدد ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے، بہت جلد وزیر اعظم بورے والا کا دورہ کریں گے اور میڈیکل سٹی منصوبے سمیت دیگر منصوبوں کا اعلان کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار سابق ایم این اے اور پی ٹی آئی کے راہنما چوہدری نذیر احمد جٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات میں ہم نے 18 ارب روپے کے میڈیکل سٹی منصوبہ کے لئے اراضی،گورنمنٹ کالج بورے والا کو یونیورسٹی کا درجہ دینے،زرعی یونیورسٹی کیمپس کے 60 کروڑ سے زائد کے فنڈز جاری کر کے اسے مکمل یونیورسٹی بنانے،شہر میں نکاسی آب کے جاری منصوبے کی تکمیل،پینے کے صاف پانی کے لئے واٹر سپلائی لائینیں،نئے ٹیوب ویل،40 نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس،تمام تعلیمی اداروں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے تجاویز اور مطالبات پیش کئے تھے, جو انہوں نے پورے کرنے کا وعدہ کر لیا ہے جسکا باقاعدہ اعلان وزیر اعظم اپنے دورہ بورے والا کے دوران کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بورے والا بس سٹینڈ بھی بہت جلد شہر سے باہر منتقل ہوجائے گا۔