ملتان، 02ستمبر(اے پی پی ):منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال نے کہا ہے کہ مون سون انتظامات کے حوالے سے سیوریج کے ساتھ ساتھ ڈسپوزل اسٹیشن ڈویژن میں خصوصی ڈی سلٹنگ مہم میں تیزی لائی جائے، کلکٹنگ ٹینکس اور سلج کیرئیر کی بھرپور طریقے سے صفائی کروا کر تمام ڈسپوزل اسٹیشنوں کو فری فال پوزیشن پر چلایا جائے تاکہ نکاسی آب سے متعلق شکایات میں کمی کے ساتھ بارشوں کے دوران پانی کا بروقت اخراج یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز سورج میانی کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے تمام ڈسپوزل اسٹیشنوں کے پمپ،جنریٹرز،ڈی واٹرنگ سیٹ سمیت تمام مشینری کو 100 فیصد آپریشنل حالت میں رکھنے کے بھی احکامات جار ی کیے ۔
اس دوران ایم ڈی واسا نے سورج میانی ڈسپوزل اسٹیشن کے تمام کلکٹنگ ٹینک پمپ ہاؤس اور جنریٹر رومز کا معائنہ کیا بعد ازاں ایم ڈی واسا نے قلعہ کہنہ کے قریب گودڑی گراؤنڈ چاہ برکت والا کے علاقے میں نکاسی آب کی شکایت پر موقع کا دورہ کیا انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج نارتھ ڈویژن محمدساجد کو موقع پر طلب کیا اور فوری طور پر خصوصی ڈی سلٹنگ ٹیم تعینات کرنے اور نکاسی آب سے متعلق تمام مسائل جلد از جلد حل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈسپوزل اسٹیشن عارف عباس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈسپوزل اسٹیشن محمد طارق، و دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔











