کراچی سر کلر ریلویز پر سندھ گورنمنٹ سے کوئی لڑائی نہیں ہے ، ہم ساتھ کام کر رہے ہیں ؛ شیخ رشید

134

کراچی ، 27 ستمبر(اے  پی پی ):وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کراچی سر کلر ریلویز (کے سی آر) پروجیکٹ کے حوالے سے صحافیوں  سے بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ حکومت 10.5 بلین اس کے سی آر پروجیکٹ پر خرچ کرنے جا رہی ہے جس میں پہلے فیز میں 1.8 بلین ہم اس پرو جیکٹ پر خرچ کرینگے اس سلسلے میں ہم نے کوچز تیار کر لی ہیں ۔

وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید نے کہا کہ (کے سی آر ) پروجیکٹ کے سلسلے میں سندھ گورنمنٹ سے ہمارا پورا تعاون ہے اور 24 برجز لیول کراسنگ سندھ گورنمنٹ نے بنانے ہیں جس  کیلئے  سندھ گورنمنٹ نے F.W.O کو ٹھیکا دے دیا ہے ۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ  سندھ سید مراد علی شاہ سے درخواست کرتے ہیں کہ جو لوگ اس پروجیکٹ سے متاثر ہونگیں انُکی آبادکاری کے لیے جلد از جلد کوئی انتظام کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سپریم کورٹ کا بہت سخت آرڈر ہے کہ تمام ریلوے لائن کے ساتھ جو تجاوزات ہیں اُنہیں فوری ختم کیا جائے اور ہم سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل طور پر عمل در آمد کر وانے کے پابند ہیں ،اور ہم یہ امید رکھتے ہیں کہ وفاق اور صوبائی حکومت مل کر کام کرینگیں تو بہت جلد (کے سی آر ) وجود میں آجائے گی ۔

سوالات کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری طرف سے تو کام شروع ہو چکا ہے اس سلسلے  30 کلو میٹر ہمارے ذمہ ہے جس میں سے 12 کلو میٹر مکمل ہو چکا ہے ، کل سندھ گورنمنٹ کے ساتھ ملاقات ہے جس کے بعد اس نقشہ دے دیا جائے گا کہ ریلویز کی حدود کہا تک ہے اور اس پر کتنی تجاوزات ہوئی ہیں ۔