کشمیری عوام کو حق خود ارادیت ملنے تک مسئلہ کشمیر کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھاتے رہیں گے: شاہ محمود قریشی

119

اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت ملنے تک مسلہ کشمیر کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھاتے رہیں گے۔بھارت اپنے جارحانہ عزائم کے سبب پورے خطے کے امن و امان کو داو پر لگا رہا ہے۔یہ بات انہوں نے خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کے چھٹے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس منگل کو وزیر خارجہ کی زیرِ صدارت ، وزارتِ خارجہ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی اشتعال انگیزی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف، پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون بیرسٹر ملیکہ بخاری ، سیکرٹری قانون راجہ نعیم اکبر ، سمیت سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کو پس پشت ڈالتے ہوئے بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل پامالیوں اور لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ انتہائی تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم، بی جے پی حکومت کی ہندوتوا پالیسیوں اور بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم سے پوری دنیا کو باخبر رکھے ہوئے ہیں ۔بھارت کے انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلقہ جرائم کی فہرست بہت طویل ہوتی جارہی ہے۔نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے پچھترنویں اجلاس کے موقع پر اپنے خطاب میں کشمیر کی صورتحال دنیا بھر کے سامنے رکھیں گے اور عالمی برادری کی توجہ بھارتی مظالم کی طرف مبذول کروائیں گے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اس وقت تک اٹھاتا رہے گا جب تک کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں ان کا جائز حق، حق خود ارادیت انہیں مل نہیں جاتا۔