کوئٹہ؛ بی ایم سی بحالی تحریک کے وفد کی  صوبائی وزراء سے  ملاقات

181

کوئٹہ، 03ستمبر( اے پی پی): صوبائی وزیر میر اسداللہ بلوچ، صوبائی مشیر اکبر آسکانی، رکن صوبائی اسمبلی مبین خان خلجی، وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوآرڈینیٹر میر عبدالرؤف رند اور بی اے پی کے رہنما سردار نور احمد بنگلزئی سے بی ایم سی بحالی تحریک کے نمائندہ وفد نے  ملاقات کی، ملاقات میں وفد نے اپنے مطالبات پر عملدرآمد کے حوالے سے بریف کرتے ہوئے ان کے حل کی درخواست کی۔

وفد سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر میر اسد بلوچ اور اراکین اسمبلی نے کہا کہ حکومت طب کے شعبہ سے وابستہ طلباء و طالبات کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے اور حکومت اس بات کا بھی بخوبی ادراک رکھتی ہے کہ یہ شعبہ اہمیت کا حامل ہے اور صوبے کے وسیع تر مفاد کے مطابق اقدامات اٹھاۓ جائیں گے۔

انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ہفتہ منعقد ہونے والے کابینہ اجلاس میں ان کے مطالبات کو کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا اور اس حوالے سے بی ایم سی بحالی تحریک کے نمائندہ وفد کے ساتھ آئندہ بھی مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت طب کے شعبہ سے وابستہ افراد کو سہولیات کی فراہمی یقینی بناتے ہوئے ان کے مسائل کو موثر انداز سے حل کرے گی۔