گرین ملتان ڈویژن شجرکاری مہم کا افتتاح، نادرن بائی پاس پر  900 پلکن کے درخت لگائے جائیں گے

150

ملتان،13ستمبر(اے پی پی):کمشنر جاوید اختر محمود نے ملتان کو  سرسبز و شاداب بنانے کیلئے  شہر کے داخلی راستوں و  مرکزی شاہراہوں پر تیار درخت لگانے کی تاریخی مہم کا آغاز کردیا۔

کمشنر کی سربراہی میں سرکاری محکموں نے نادرن بائی پاس پر شجر کاری مہم میں بھرپور شرکت کی اور شہریوں نے راتوں رات بائی پاس پر تیار درخت کے نظاروں پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔

 کمشنر جاوید اختر محمود نے پلکن کا پودا لگا کر وزیر اعظم کے وژن کے مطابق ملتان ڈویژن میں گرین ملتان ڈویژن شجرکاری مہم کا آغاز کیا اور کہا کہ  نادرن بائی پاس پر ساڑھے 9 کلومیٹر پر 900 پلکن کے درخت لگائےجارہے ہیں، ڈویژن بھر کے سرکاری سکولوں ،ہسپتالوں میں ڈیڑھ لاکھ درخت لگانے کا خدف ہے۔

جاوید اختر نے کہا کہ الرجی کا باعث یا پانی کے ضیاع کا سبب بننے والے درخت ہرگز نہیں لگائے جائیں گے۔

ڈی سی عامر خٹک نے کہا کہ نئی نسل کو صاف ماحول کی فراہمی کیلئے تمام مکاتب فکر قومی ذمہ داری نبھائیں۔

 اعجاز جنجوعہ نے کہا کہ سایہ دار ،پھلدار اور لوکل اجناس کو لگایا جائے۔

کنزرویٹر فاریسٹ شیخ منظور احمد نے کہا کہ مہم کی کامیابی کیلئے پودوں کی حفاظت کا نظام وضع کرنا ضروری ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر عابد نے کہا کہ ملتان کی پہچان آم کے  درخت ہر پارک میں لگائے جائیں گے۔ایڈیشنل کمشنر سرفراز نے کہا کہ ہر شہری گھر، دفتر میں شجرکاری کرکے اپنا فرض نبھائے۔

ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے کہا کہ شجرکاری مہم صرف سرکاری مہم نہیں،سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

اسپیشل پرسنز ،سرکاری افسران اور سول سوسائٹی کے افراد نے  بھی پودے لگائے۔

اے پی پی/ ملتان/نورین