ہم بنیادی مراکز صحت کی سروسز کو بہتر بنادیں تو بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوسکتا ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان

83

کوئٹہ 07ستمبر (اے پی پی ):وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ اگر ہم بنیادی مراکز صحت کی سروسز کو بہتر بنادیں تو بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوسکتا ہے، بنیادی مراکز صحت میں تعینات عملے کی حاضری کو یقینی بنانا اہم ہے اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسروں اور ڈپٹی کمشنروں کو عملے کی حاضری یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی جائے گی، شعبہ صحت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہم اس حوالے سے عوام کے سامنے جوابدہ ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پرائمری ہیلتھ انیشیٹیوز (پی پی ایچ آئی) کے امور کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا جس میں میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹرز کی کارکردگی کاجائزہ بھی لیا گیا، پی پی ایچ آئی کے چیف ایگزیکٹیو عزیز جمالی نے متعلقہ امور پر بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ پی پی ایچ آئی کے تحت صوبے کے تمام اضلاع کے  بنیادی مراکز صحت میں گائنی اور دیگر شعبوں میں علاج معالجہ کی سہولیات اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں اور صوبے کی بہت بڑی آبادی ان سے مستفید ہورہی ہے، انہوں نے اجلاس کو پی پی ایچ آئی کو فنڈز کے اجراء سمیت درپیش دیگر مسائل سے بھی آگاہ کیا، وزیراعلیٰ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ ادارے کے فنڈز کے اجراء کو باقاعدہ بنایا جائے تاکہ عوام کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا نہ ہو، وزیراعلیٰ نے پی پی ایچ آئی کے تحت بچوں اور خواتین کی غذائیت کے پروگرام ایم این سی ایچ پروجیکٹ اور ٹیلی میڈیسن کے منصوبے کو مزید مستحکم بنانے اور وسعت دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے اپنی نوعیت کے حوالے سے نہایت اہمیت کے حامل ہیں، ماں اور بچے کی صحت کا تحفظ اور دوردراز علاقوں کے عوام کو ٹیلی میڈیسن طریقہ کار کے تحت علاج کی جدید سہولتوں کی فراہمی میں مدد مل رہی ہے، وزیراعلیٰ نے ایم ای آر سی پروگرام کے تحت قومی شاہراہوں پر ایمرجنسی مراکز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹریفک حادثات کی صورت میں زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے ذریعہ قیمتی جانیں بچائی جاسکتی ہیں، چیف ایگزیکٹیو نے آگاہ کیا کہ اس وقت صوبے کی مختلف قومی شاہراہوں پر ایم ای آر سی کے 25سے زائد ایمرجنسی مراکز میں 800سے زائد تربیت یافتہ عملہ تعینات ہے جبکہ مزید فنڈز کی دستیابی کی صورت میں مزید مراکز قائم کئے جائیں گے اور عملہ بھرتی کرکے انہیں تربیت فراہم کی جائے گی، وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کے لئے مزید فنڈز کی فراہمی کی ہدایت کی، اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ قومی شاہراہوں پر ایمرجنسی مراکز کے قیام اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے معاونت کے حصول کے لئے این ایچ اے سے بھی رابطہ کیا جائے گا کیونکہ قومی شاہراہوں پر حادثات کی روک تھام اور ایمرجنسی سروسز کی ذمہ داری بنیادی طور پر این ایچ اے کی ہے، سیکریٹری اطلاعات، سیکریٹری پی اینڈ ای، ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ اور ایڈیشنل سیکریٹری صحت نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔