اسلام آباد،15اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ویمن یونیورسٹی صوابی کو 3 کروڑ 16 لاکھ روپے سکالر شپ کی مد میں دیئے گئے ہیں، 316 طالبات احساس پروگرام کے تحت سکالرشپ پروگرام سے مستفید ہوئی ہیں، ہماری اجتماعی جدوجہدکی بدولت ہی ایک تعلیم یافتہ اور کامیاب معاشرہ پروان چڑھ سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو صوابی کے دورہ کے موقع پر ویمن یونیورسٹی ضلع صوابی میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وطن عزیز کے بچے بچے اور پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اسپیکر نے وویمن یونیورسٹی صوابی کیلئے 50لاکھ روپے گرانٹ دینے کابھی اعلان کیا۔
قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قائد اعظم پبلک سکول اینڈ کالج میں مستحق افراد میں ویل چیئرز اور سلائی مشینیں بھی تقسیم کیں۔ سپیکر کا کہنا تھا کہ اعلیٰ تعلیم و تربیت کی بدولت ہی ہم دنیامیں نام کما سکتے ہیں۔ موجودہ حکومت نے تعلیم میں اصلاحات لانے اور پسماندہ طبقوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرانے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ضلع صوابی میں تعلیم، بجلی،کھیل اورطبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ صوابی کی عوام کو تمام سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا ہوں گی۔ صوابی کی عوام کو تعلیم، صحت کے سلسلے میں کسی دوسرے شہر جانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ تعلیمی اداروں کے اساتذہ اکرام اور پروفیسر صاحباں طلبا و طالبات کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں۔ تعلیمی ادارے ان طلبہ کیلئے گھر اور اساتذہ ماں باپ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ طلبہ جب ملک،قوم اورعلاقے کانام روشن کریں گے تو ان کے ساتھ ان کے اساتذہ کا نام بھی روشن ہو گا۔ منزل مقصود پانے کے لیے انسان کی سوچ کو مثبت ہونا ضروری ہے۔ترقی کے منازل طے کرنے کیلئے سوچ اورارادوں کوبدل کر جدوجہدکرنا ہوگی۔ اچھی اور مثبت سوچ کی بدولت نہ صرف ہم ترقی کے منازل طے کر سکتے ہیں بلکہ اپنی منزل مقصودبھی حاصل کر سکتے ہیں۔