ملتان،05 اکتوبر(اے پی پی ):وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹراختر ملک نے کہا کہ اپوزیشن انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کے اشاروں پر ناچ رہی ہے ،اپوزیش جماعتوں میں پی ڈی ایم کی قیادت پر بہت جلداختلافات سامنے آنیوالے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کے خواب دیکھنے والوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔
گورنمنٹ مڈل سکول 21 ایم آر کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ذاتی مفادات کے لئے اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہے، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک کی سالمیت کی ضامن ہے۔
وزیرتوانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ مڈل سکول کی نئی بلڈنگ کی تعمیر پر1کروڑ روپے لاگت آئی ہے ، اپنے حلقے میں تعلیمی اداروں کی بہتری میری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں بہتری سے عام آدمی کے بچے کو تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے اور تعلیم یافتہ عام آدمی کو روزگار ملنے سے ملک میں معاشی خوشحالی آئے گی ۔











