بلدیاتی ادارے عوامی مسائل عوام کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی :صوبائی وزیر بلدیات اکبر ایوب

83

پشاور، 12اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب نے کہاہے کہ بلدیاتی ادارے عوا می مسائل کے فوری حل کیلئے کوشاں ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اس سلسلے میں بلدیاتی اداروں میں اصلاحات لارہی ہیں تاکہ عوامی مسائل حقیقی بنیادوں پر عوام کے دہلیز پر حل ہوسکیں ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ پشاور کے آفس کے دورہ کے دوران کیا۔

صوبائی وزیر بلدیات کو دورہ کے موقع پر بریفنگ بھی دی گئی، اس موقع پرممبر صوبائی اسمبلی آصف خان، ممبر صوبائی اسمبلی ارباب وسیم حیات، سیکرٹری کوکل کونسل بورڈ خضر حیات، ڈائریکٹر جنرل سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ پشاور میاں شفیق الرحمان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ وحید الرحمان اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ پشاور کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر بلدیات کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ میاں شفیق الرحمان نے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے اثاثہ جات اور ان سے حاصل ہونے والی آمدنی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ پشاور کے تمام اڈہ جات کو شہر سے باہر منتقل کرنے کیلئے سردار گڑھی میں 600 کنال کی اراضی کا انتخاب کیاگیا ہے جبکہ پشاور کے مسافر اڈوں میں عوام کو دی جانے والی سہولیات پر بھی تفصیلی آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے زیر اہتمام کالجز ووکیشنل سنیٹرز ‘ فائر بریگیڈ کے بارے میں بھی تفصیلی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے زیراہتمام پشاور میں 3 ڈگری کالجز ہیں جن میں طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے جبکہ پشاور کے مختلف علاقوں میں 33 وکیشنل سنٹرز قائم ہیں جن میں خواتین کو سلائی کڑائی اور دستکاری سکھاکر انکو باعزت روزگار کی فراہمی میں مدد دی جا رہی ہے۔ اسکے علاوہ تاریخی ورثے سٹی وال، تحصیل گورگھٹڑی اور گھنٹہ گھر کی  اصلی حالت میں بحالی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نمکمنڈی میں صوبے کے پہلے کثیر المنزلہ کارپارکنگ پلازہ کی تعمیر آخری مراحل میں ہے اور دسمبر میں اسکو پارکنگ کیلئے فعال بناکر کھول دیاجائیگا۔ اسکے علاوہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے آفس میں آلودگی جانچنے کیلئے ڈیجیٹیل سکرین نصب کردی گئی ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی کے متعلق معلومات حاصل ہورہی ہیں جبکہ مستقبل میں میونسپل میوزیم بھی بنایاجائیگا جس کیلئے ہوم ورک کا آغاز کردیاگیا ہے۔