بورے والا: کم نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی فراہمی کے لئے سہولت بازار قائم

531

بورے والا ، 19 اکتوبر (اے پی پی ): وزیراعظم کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے عوام کو مارکیٹ سے کم نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی فراہمی کے لئے بورے والا سمیت ضلع بھر میں سہولت بازار قائم کردیئے گئے۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر وہاڑی کیپٹن (ر) وقاص رشید نے سہولت بازاروں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بازار میں فراہم کی جانے اشیاء خوردنی اور دیگر سہولیات سمیت مختلف سٹالوں کا بھی جائزہ لیا۔

سہولت بازار بورے والا کے حوالہ سے اسسٹنٹ کمشنر کامران بشیر ڈوگر کا کہنا تھا کہ ان سہولت بازاروں کا مقصد عوام کو اچھی کوالٹی کی اشیاء خوردنی کی سستے نرخوں پر فراہمی کو ممکن بنانا ہے، سہولت بازار وں سے گراں فروشی کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی جبکہ  اشیاء خوردنی کی قیمتیں بھی کم ہوں گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ  ایسے  دوکاندار جو ناجائز منا فع خوری میں ملوث ہیں ان کی حوصلہ شکنی ہو گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سہولت بازاروں سے فائدہ اٹھائیں اور یہاں سے خریداری کریں۔