پشاور، 8اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع بشمول نئے ضم شدہ اضلاع کا ایک ہی ڈائریکٹرجنرل لوکل گورنمنٹ ہوگا جو کہ تمام ترقیاتی اسکیموں اور انتظامی امور کو یکساں اور برابری کے ساتھ لے کر چلے گا اور کسی بھی ضلع کے لوگوں کی دل شکنی اور حق تلفی نہیں کی جائے گی۔ صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح نئے ضم شدہ اضلاع میں بھی ترقیاتی کاموں اور دیگر انتظامی امور کو انصاف اور احسن طریقے کار کے ساتھ عوام کی فلاح و بہبود اور بہتری کے لیے جلد مکمل کروائیں جائیں گے تاکہ ماضی کے ستائے ہوئے لوگوں کو انضمام کے مثبت نتائج مل سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئے ضم شدہ اضلاع کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈائریکٹر بلدیات نئے ضم شدہ اضلاع دلنواز خان، ڈپٹی ڈائریکٹر بلدیات سہیل مروت اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے ہدایت جاری کی کہ نئے ضم شدہ اضلاع کے تمام ترقیاتی سکیموں کا ایک مکمل ڈیش بورڈ بنایا جائے جس سے تمام سکیموں کو وقتاً فوقتاً مانیٹر کیا جا سکے تاکہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں تاخیر سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کم فنڈز والے سکیموں کے لیے کنسلٹنٹ ہائر کرنے کی ضرورت نہیں تاکہ ان اسکیموں کا تمام فنڈ متعلقہ اسکیم میں لگایا جا سکے۔
اکبر ایوب خان نے کہا کہ نئے ضم شدہ اضلاع کے بلدیات کے دفاتر میں سب انجینئرز کی تعداد بڑھائی جائے اور ورک لوڈ کے مطابق ان کو مختلف اضلاع میں تعینات کیا جائے جبکہ سپورٹنگ سٹاف کی کمی کو بھی ہنگامی بنیادوں پر پورا کیا جائے تاکہ منصوبوں کی تکمیل بروقت ہو سکیں جبکہ تمام دفاتر میں صفائی کی مشینوں کی کمی کو بھی پورا کروایا جائے تاکہ صفائی کے کاموں کو مزید تیز کروایا جا سکے۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ میں جلد ان اضلاع کے دورے شروع کروں گا اور تمام کاموں کے فزیکل حالات کا خود جائزہ لوں گا۔











