حکومت پنجاب ذہنی معذوری کے شکار مریضوں کی بحالی کیلئے بنیادی اقدامات اٹھا رہی ہے: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد-

88

لاہور،6 اکتوبر:(اے پی پی):   صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی  میں ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کی مناسبت سے منعقدہ آگاہی سیمینارمیں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔  ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کے حوالہ سے بہترین آگاہی سیمینارکے انعقادپروائس چانسلرکو شاباش دیتی ہوں۔ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے ہمیں ذہنی مرض میں مبتلامریضوں کا خاص خیال رکھنے کا پیغام دیتاہے۔   جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت بھی بہت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ ذہنی تناؤمیں مبتلامریض کے ساتھ ساراخاندان متاثرہوجاتاہے۔ ذہنی تناؤ کے مریض کے ساتھ سارا گھرتکلیف سے گزرتاہے۔ جسمانی بیماری کی نسبت ذہنی معذوری خاندان والوں کو زیادہ متاثر کرتی ہے۔یاسمین راشد نے کہا کہ  پاکستان میں لاکھوں افراد ذہنی معذوری کے مرض میں مبتلا ہیں۔ ذہنی معذوری کے شکار مریض زیادہ توجہ کے مستحق ہوتے ہیں۔ حکومت پنجاب ذہنی معذوری کے شکار مریضوں کی بحالی کیلئے بنیادی اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف سائیکیٹری نے اہم کردار اداکیا ہے۔ ٹیلی میڈیسن کے شعبہ کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں سراہاگیا ہے۔کورونا وائرس کے دوران پاکستان سمیت مختلف ممالک سے ہزاروں افراد نے ٹیلی میڈیسن کے شعبہ سے رہنمائی حاصل کی ہے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے آگاہی سیمینار کے آخر میں آگاہی واک کی قیادت بھی کی۔