کوئٹہ 05 اکتوبر(اے پی پی): وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے بلوچستان عوامی پارٹی خواتین ونگ کی جانب سے منعقدہ کوئٹہ چیمپین کرسچن کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کھیلوں کے موثر فروغ کے لیے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے صوبے بھر میں 33 سے زائد سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے جا رہے ہیں جن میں کرکٹ سمیت دیگر تمام کھیلوں کے لیے سہولیات فراہم کی جارہی ہے جس کا مقصد کھیل اور کھلاڑیوں کو سازگار ماحول میسر کرنا ہے اس کے علاوہ صوبے بھر میں 70 فٹسال گراؤنڈ بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں جبکہ چھ فٹسال گرؤنڈ کوئٹہ میں بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان میں بھی کھیلوں کے فروغ کے لیے نجی شعبے کو آگے آنا چاہیے تاکہ کھلاڑی اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر صوبے کا نام روشن کریں _وزیر اعلی نے جیتنے والی ٹیم کے لیے چار لاکھ روپے اور رنراپ ٹیم کے دو لاکھ روپے کا اعلان کیا۔تقریب کے اختتام پر وزیر اعلی نے جیتنے والی ٹیم اور رنراپ ٹیم کو میڈل پہنائے اور ٹرافی دی _











