سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے کوویڈ 19 وبائی امراض کے تحت تعلیم کے نظام کی بہتری کے لئے2 میگا پراجیکٹس کی منظوری دے دی

72

 

اسلام آباد،21 اکتوبر(اے پی پی ):ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت بدھ  کو یہاں  سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں  کوویڈ 19 وبائی امراض کے تحت پاکستان میں تعلیم کے نظام کی بہتری کے لئے 8.175 ارب روپے کے 2 میگا پراجیکٹس کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں پلاننگ کمیشن کے تمام ممبران جبکہ وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلی افسران نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی ۔

اجلاس میں تعلیم سے متعلق دو منصوبے پیش کیے گئے۔ جس میں پہلا منصوبہ “کوویڈ 19 رسپانس ایفکٹونس پروجیکٹ” کے لیے 4874.560 ملین روپے کی لاگت مختص کی گئی ۔ یہ منصوبہ 24 ماہ میں مکمل کیا جائے گا جبکہ اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں COVID-19 وبائی امراض سے نمٹنے کی تیاری اور اس کا موثر جواب دینا ہے تاکہ اس کے اثرات کو دور کیا جاسکے جس کی وجہ سے  بچے ، اساتذہ اور منتظمین  طویل عرصے سے اسکول سے دور ہیں۔

  اس منصوبے کے تحت ٹی وی ، ریڈیو نشریات اور ورچوئل نیٹ ورک  کے تحت  دور دراز کے علاقوں تک تعلیمی سرگرمیاں پہنچائی جائیں گی  مزید مستقبل میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تعلیمی نظام کی صلاحیت میں اضافہ کرنا بھی مقصود ہے ۔

تعلیمی شعبہ کا دوسرا منصوبہ پاکستان کی جانب سے کوویڈ 19 کے دوران رسپانس ، ریکوری اور رسیلینس ان ایجوکیشن کے لیے 3300.63 ملین روپے کی لاگت مختص کی گئی  جس کو اجلا س نے منظور کر لیا ، اس پروجیکٹ کی تکمیل کی مدت 20 ماہ ہوگی اور یہ پروجیکٹ COVID-9 وبائی مرض کے تحت مختصر اور درمیانی مدتی ردعمل اور بازیابی کی ضروریات کو پورا کرے گا ، جبکہ ایک مستحکم اور زیادہ لچکدار نظام تعلیم کی تعمیر کے لئے تکنیکی اور ادارہ جاتی صلاحیت کو قائم کرنے کے ساتھ ، تمام صوبوں خصوصاً پسماندہ علاقوں میں تعلیم کی سہولیات کے حوالے سے کام کرے گا۔