سکھر: خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں حتمی ریفرنس داخل نہ ہوسکا ، سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی

90

سکھر۔24اکتوبر(اے پی پی): سید خورشید احمد شاہ، ان کی دو بیگمات،دو صاحبزادوں ،داماد صوبائی وزیر اویس شاہ سمیت 18 ملزمان کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں داخل کیس کی سماعت سکھر کی احتساب عدالت میں ہوئی تاہم سماعت کچھ دیر تک جاری رہی جس کے بعد عدالت نے سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کردی گذشتہ سماعت پر عدالت نے نیب کو ملزمان کے خلاف حتمی ریفرنس داخل کرنے کی ہدایات کی تھیں لیکن آج کی سماعت میں وہ بھی دائر نہ ہوسکا۔

سماعت کے موقع پر پیپلزپارٹی رہنما خورشید شاہ کو ایمبولینس میں این آئی سی وی ڈی اسپتال سے عدالت لایا گیا جبکہ صوبائی وزیر اویس شاہ و دیگر ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے سکھر انتظامیہ کی جانب سے سماعت کے موقع پر عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے پولیس کی بھاری جمعیت عدالت کے باہر تعینات رہی جبکہ پیپلزپارٹی کےکارکنون کی بڑی تعداد بھی عدالت کے باہر موجود رہی۔