شجاع آباد: ڈپٹی کمشنر عامرخٹک  نےالفاروقیہ ٹرسٹ کے زیر اہتمام ڈائیلیسز سنٹر کا افتتاح  کر دیا

381

شجاع آباد، 14اکتوبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نےالفاروقیہ ٹرسٹ کے زیر اہتمام ڈائیلیسز سنٹر کا افتتاح  کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے پانچ ڈائیلیسزمشینوں پر مشتمل سنٹر کے قیام پر الفاروقیہ ٹرسٹ کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شجاع آباد میں ڈائیلیسز سنٹر کا قیام غریب اور نادار مریضوں کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کے زیر اہتمام آئی کیمپ کے لئے ماہر آئی سرجن پر مشتمل ٹیم فراہم کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ  دکھی انسانیت کی خدمت بہت بڑی عبادت ہے،ضلعی انتظامیہ غریب مریضوں کے علاج معالجے کے لیے ہر ممکن خدمات فراہم کرے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شجاع آباد میں تمام واٹر فلٹریش پلانٹ بحال کئے جائیں گے اور شجاع آباد کے مسائل کے سلسلے میں جلد اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں شجاع آباد  سے تعلق رکھنے والے تاجر نمائندوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

الفاروقیہ ٹرسٹ  کے سربراہ مولانا زبیر احمد صدیقی نے کہاکہ گردے کے ایک مریض کےہفتہ میں 3  ڈ ائیلائیسز ہو تے ہیں جس پر  بیالیس ہزار روپے خرچہ آتا ہے، ڈائیلائیسز کا مریض جس تکلیف میں مبتلا ہوتا ہے وہ ناقابل بیان وتحریر ہےجوکہ اس سنٹر میں مفت کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی فاروفیہ ٹرسٹ نے فری آئی اور ہپٹاٹاٹیس کے کیمپ لگائے ہیں، تین روزسے جاری فری آئی کیمپ میں ہزاروں مریضوں کامفت معائنہ اوردوہزارسے زائد مفت آپریشن کئے گئے۔