ضلعی انتظامیہ پشاور  کی غیر قانونی سائن بورڈز  کیخلاف کارروائی ،متعدد کو  ہٹا دیا  گیا

108

 پشاور، 3اکتوبر(اے پی پی): صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے ٹاؤن ون انتظامیہ کے ہمراہ مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے چارسدہ روڈ پر بیشتر غیر قانونی سائن بورڈز کو ہٹا دیا ہے ۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) ڈاکٹر احتشام الحق نے ٹاؤن ون کے ٹاؤن آفیسر ریگولیشن محمد ایاز درانی اور چیف ڈیمالشنگ انسپکٹر قیصر باچا کے ہمراہ چارسدہ روڈ پر غیر قانونی سائن بورڈز کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا۔ اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار وقع سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔کارروائی کے دوران عمارتوں کے اوپر غیر قانونی طور پر بنائے گئے 9 سائن بورڈز کو ہٹا دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے انتظامی افسران کو اپنے علاقوں میں غیر قانونی سائن بورڈز لگانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے اور دوبارہ غیر قانونی سائن بورڈز لگانے والوں کو جیل بھجوانے کا حکم جاری کیا ہے۔