ملتان : کمشنر ملتان کا تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن جاری، پختہ تعمیرات مسمار کر دیں

137

ملتان، 03 اکتوبر(اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن جاوید اختر محمود کے حکم پر تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔میٹروپولیٹن کارپوریشن ٹیم نے ڈپٹی میٹروپولیٹن کارپوریشن افسر ملک اشفاق ، محمد فیصل کی سربراہی میں پرانا شجاع آباد روڈ پر انسداد تجاوزات آپریشن کرتے ہوئے پختہ تعمیرات مسمار کر دیں جبکہ  تین   ٹرک سامان بھی قبضے میں لیا گیا۔

تجاوزات مافیا کی جانب سے انسداد تجاوزات ٹیم کو مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔اس حوالے سے کمشنر ملتان نے کار سرکار میں مداخلت کرنے والوں کیخلاف فوری ایف آئی آر درج کروانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انسداد تجاوزات ٹیم پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کروایا جائے، سرکار کی رٹ کو چیلنج کرنے والے رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے  کہا کہ سیٹزن پورٹل، سوشل میڈیا پر شہریوں کی شکایات پر تجاوزات آپریشن کیا جارہا ہے، تجاوزات نے شہر کا حسن گہنا کر رکھ دیا ہے۔

ڈپٹی  کمشنر نے کہا کہ گرین کلین ملتان ڈویژن مہم کی کامیابی کیلئے تمام تجاوزات کو ہر صورت ختم کیا جائے گا۔ ان کے مکمل خاتمے کے  بارے میں  بھی لائحہ عمل تیار کیا جاچکا ہے،شہری بھی تجاوزات مافیا کی حوصلہ شکنی کرکے انتظامیہ کا ساتھ دیں۔