قبائلی اضلاع سمیت ملک میں تبدیلی لانا وزیر اعظم عمران خان کا منشور ہے؛ پی ٹی آئی ضلع کرم کے رہنماؤں اور قبائلی عمائدین کی  پریس کانفرس

96

پاراچنار، 24اکتوبر (اے پی پی ): پی ٹی آئی ضلع کرم کے رہنماؤں اور قبائلی عمائدین نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع سمیت ملک میں تبدیلی لانا وزیر اعظم عمران خان کا منشور ہے اور انتہائی کم عرصے میں پولیس میں تیز تر تبدیلی لاکر ڈی پی او کرم بہترین طریقے سے اس منشور پر عمل پیرا ہیں ۔

پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف وسطی کرم کے سیکرٹری جنرل محمد علی خان اورکزئی ، عبدالشہید اورکزئی ، کرم خان مسوزئی ، اعجاز احمد اورکزئی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ ضلع کرم میں پولیس کی تیز تر کارکردگی بہترین تبدیلی ہے اور ڈی پی او ضلع کرم کی بہتر کارکردگی اور منصوبہ بندی کی وجہ سے نہ صرف کرم پولیس ایک مثالی پولیس بن گئی ہے بلکہ ڈولفن فورس ، ٹریفک پولیس اور ویمن رپورٹنگ سنٹر سمیت دیگر اقدامات سے عوام بھی مستفید ہو رہے ہیں ۔

رہنماؤں نے کہا کہ گنتی کے چند مفاد پرست افراد عوام کو ایک بار پھر اندھیروں میں دھکیلنے کے لیے احتجاج کا ڈھونگ رچا رہے ہیں جو کہ قابل مذمت ہے ۔ رہنماؤں نے کہا کہ وہ پولیس میں اعلی تجربہ کار اور تعلیم یافتہ افراد دیکھنا چاہتے جس سے پولیس کی کارکردگی مزید بہتر بنے گی۔