اسلام آباد، 7 اکتوبر(اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے جرمن سفیر اینا لیپل نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے جرمن کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
جرمن سفیر نے جی ایس پی پلس سے متعلق پاکستان کی اصلاحاتی پیش رفت کو سراہا۔ اس موقع پر جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس سے متعلق اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تکمیل کے لیے پُرعزم ہے۔
ملاقات میں پاکستانی باسمتی چاول کے جغرافیائی شناخت (جی آئی) کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔ رانا احسان افضل نے جرمن سفیر کے سامنے باسمتی کے کاشتکاروں، پروڈیوسرز اور برآمدکنندگان کے مفادات کے تحفظ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی باسمتی کے جی آئی کیس کی مضبوط قانونی، تاریخی اور تجارتی بنیادیں ہیں۔ جرمن سفیر نے جغرافیائی شناخت کے مؤثر تحفظ کو زرعی برآمدات کے لیے اہم قرار دیا۔
جرمن سفیر نے کہا کہ پاکستان میں زراعت، فوڈ پروسیسنگ، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ جام کمال خان نے جرمن کمپنیوں کو نومبر میں کراچی میں ہونے والی فوڈ ایگ 2026 میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش پاکستان اور جرمنی کے درمیان کاروباری شراکت داری کے فروغ کے لیے اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ جرمن سفیر نے دعوت کا خیرمقدم کیا۔
جرمن سفیر نے بتایا کہ جرمنی میں لائیو اسٹاک تجارتی نمائش کے لیے پاکستانی کاروباری وفد کی تیاری جاری ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر تجارت کو 29 سے 31 اکتوبر کو سیول میں ہونے والی ایشیا پیسیفک کانفرنس آف جرمن بزنس میں شرکت کی دعوت بھی دی، جس پر جام کمال خان نے کانفرنس میں شرکت کے امکانات کا جائزہ لینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔











