قومی اسمبلی ، فرانس میں گستاخانہ خاکوں اور ناروے اور سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت

298

اسلام آباد۔26اکتوبر  (اے پی پی):قومی اسمبلی نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں اور ناروے اور سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ‘ او آئی سی اور دنیا کے تمام مہذب ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام اور مسلمانوں سے نفرت کرنے والے مواد اور پروپیگنڈہ کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متفقہ قرارداد ایوان میں پیش کی جس پر حکومت کی طرف سے شیریں مزاری‘ اسد عمر‘ شفقت محمود ‘ نور الحق قادری‘ شاہ محمود قریشی‘ اسامہ قادری ‘ غلام سرور خان اور اپوزیشن کی طرف سے احسن اقبال‘ سید نوید قمر‘ شاہدہ اختر علی‘ راجہ پرویز اشرف اور روبینہ اسلم کے دستخط ہیں۔ متفقہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی قومی اسمبلی نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں اور ناروے اور سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعات کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔ فرانس کے صدر میکرون جیسے لیڈروں کے نفرت آمیز اور توہین آمیز کلمات سے دنیا بھر میں اربوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ ایوان مسلمانوں کی منفی پروفائلنگ ‘ گائو کشی کے نام پر ان کے قتل ‘ حجاب سے نفرت‘ منفی پروپیگنڈہ اور بعض میڈیا گروپس کی طرف سے منفی پروپیگنڈہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے۔ یہ ایوان مذہب کے نام پر ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ فرانس سے پاکستانی سفیر کو واپس بلایا جائے‘ او آئی سی ہر سال 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے خاتمے کے دن کے طور پر منانے کے لئے اقدامات کرے۔ اسلامی تعاون کی تنظیم کے رکن ممالک فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔ ایوان اسلامی تعاون کی تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کرتا ہے کہ اسلامو فوبیا اور مسلمانوں سے نفرت کے بڑھتے واقعات اور گستاخانہ خاکوں جیسی کارروائیوں پر نظر رکھے۔ یہ ایوان اسلام کو دہشتگردی کے ساتھ منسلک کرنے کی مذمت کرتا ہے اور اس پر تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ متفقہ قرارداد میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور انسانی حقوق کے ہائی کمشنر سے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لئے اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔