ملتان ،02 ستمبر (اے پی پی ): ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب ظفر اقبال کا آر پی او آفس کا دورہ کیا۔آر پی او آفس پہنچنے پر ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کو شاندار سلامی دی گئی،آر پی او وسیم احمد خان اور ریجن کے ڈی پی اوز سمیت ضلعی کمانڈ نے بھرپور استقبال کیا اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ظفر اقبال نے آر پی او وسیم احمد خان کے ہمراہ پودا بھی لگایا۔
اس موقع پر ظفر اقبال نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں پولیس اصلاحات کے ذریعے روایتی سسٹم میں تبدیلی لانے کی کوشش کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور مظلوم کی دادرسی پولیس کا نصب العین ہے ۔ جنوبی پنجاب میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف طبل جنگ بجا دیا اور سنگین مقدمات کی موثر پیروی کرکے سماج دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے عملی اقدامات کرینگے ۔
ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب نے کہا کہ بہاولپور،ڈی جی خان ریجن کا دورہ کرکے پولیس جوانوں کے مسائل خود سنوں گا۔
ریجنل پولیس آفیسر وسیم احمد خان کی جانب سے امن و امان پر تفصیلی بریفننگ دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ ریجن میں منشیات فروشوں اور اشتہاریوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی جارہی ہے۔جنوبی پنجاب پولیس آفس کے قیام سے عوامی مسائل انکی دہلیز پر حل ہونگے۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب ظفر اقبال کی صدارت میں ریجن کی کرائم میٹنگ بھی ہوئی ،اجلاس میں سی پی او حسن رضا خان، ڈی پی او لودھراں سید کرار حسین،ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان،ڈی پی او خانیوال محمد علی وسیم بھی شریک ہوئے ۔











