ملک  میں امن و ہم   آہنگی   کیلئے حضور ﷺ کی تعلیمات  پر  عمل کرنا ضروری  ہے  ؛ معاون خصوصی  ڈاکٹر ثانیہ نشتر   

313

اسلام آباد،30اکتوبر(اے پی پی ): وزیر اعظم  کی معاون خصوصی  ڈاکٹر ثانیہ نشتر   نے کہا ہے کہ حضور ﷺ کی تعلیمات  پر  عمل کرنا ہر مسلمان  کے لیے لازم ہے تا کہ ملک  میں امن و ہم   آہنگی  کا ماحول  پیدا ہو، وزیر اعظم عمران خان  نے ملک  بھر میں  پناہ  گاہوں   میں  رہائشی ا ور  کھانے   کے   معیار کو اپ گریڈ کرنے کے لیے  خصوصی ہدایت دیں ہیں ۔

ان خیالات   کا  اظہا   ر معاون خصوصی  نے جمعہ کو   یہاں   منڈی  موڑ میں   قائم  پناہ گاہ کے  دورے کے   موقع  پر کیا۔عید میلاد النبیﷺ   کے  موقع پر   پناہ گاہوں میں موجود افراد کے لیے  خصوصی کھانا  پیش  کیا گیا۔وزیر اعظم  کی معاون خصوصی  ڈاکٹر ثانیہ نشتر  نے  پناہ گاہ  میں  مزدوروں اور دیہاڑی داروں کے ساتھ دن گزارا ،کرونا  وائرس   سے صحت  یابی کے بعد ڈاکٹر ثانیہ نشتر   کی یہ پہلی عوامی ملاقات تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال کے تیارہ کردہ پناہ گاہوں کے معیارات  کو وفاقی دارلحکومت میں  نافذ کیا   جا  رہا ہے اور ان  معیارات کو  اسلام آباد پناہ گاہوں  کیلئے  مزید  بہتر بنایا جائے   گا۔ مزدوروں   کو  معیار  اور   وقار کیساتھ خدمات فراہم  کرنے  کیلئے حکومت کی   جانب سے  اب  تک   سو  سے  زیادہ پناہ  گاہیں قائم  کی  جا چکی ہیں۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر    نے اسلام آباد  کے سیکٹر  H-13  میں  واقع دارالاحساس  کا دورہ بھی کیا اور وہاں پر زیر کفالت  یتیم بچوں  سے  ملاقات کی۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر     نے بچوں کے ساتھ بات چیت  کی اور احساس  کے تحت وہاں مہیا کی جانے والی سہولیات  کا جائزہ بھی لیا۔

دارالاحساس میں بھی بچوں  نے جشن عید میلاد النبی  بھرپور  جوش و خروش سے منایا ،محفل میلاد منعقد کی گئی  اور خصوصی   طور پر کھانے  کا اہتمام  کیا گیا۔

اس موقع  پر   ڈاکٹر ثانیہ  نشتر  نے  کہا کہ احساس کے تحت  ملکی تاریخ  میں  پہلی  بار ماہرین  کی کمیٹی نے یتیم  خانوں  کے  معیارات مرتب  کیے  ہیں تا کہ یتیم خانوں  میں مستحق  بچوں کو فراہم  کی جانے والی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔ یہ  معیارت  تکمیل  کے  آخری  مراحل میں ہیں۔

اے پی پی /ڈیسک/حامد