وزیراعظم  عمران خان بلوچستان کے حقیقی خیرخواہ ہیں؛ شہریار آفریدی

120

کوئٹہ، 13 اکتوبر (اے پی پی ): چیئرمین کشمیر کمیٹی اور رکن قومی  اسمبلی  شہریار آفریدی نے  کہا  ہے کہ  وزیراعظم عمران خان بلوچستان کے حقیقی خیرخواہ ہیں اور وہ اس حوالے سے عملی اقدامات کررہے ہیں جبکہ ماضی قریب میں   بلوچستان کو دلفریب وعدوں سے ورغلایا گیا تھا۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں صوبائی مشیر کھیل عبدالخالق ہزارہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا چیئرمین شہریار آفریدی نے کہا کہ وہ بلوچستان سے دلی محبت رکھتے ہیں اور وہ چار روزہ خصوصی دورہ بلوچستان کے موقع پر مختلف علاقوں کے دوروں کے ساتھ ساتھ صوبے کے اہم شخصیات اور نوجوانوں سے ملیں گے اور بلوچستان کے حقیقی مسائل لے کر نمائندہ فورمز پر پیش کرکےمسائل کے حل کے لئے کاوشیں  کریں  گے  کیونکہ پاکستان کی ترقی کا راز بلوچستان سے  ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گیم چینجر منصوبے نے  سی پیک کے مخالفین کی نیندیں اڑارکھی  ہیں  اور خصوصاً ہم سب نے ملک پاکستان کے بیانیے کو دنیا میں کامیابی کے ساتھ پیش کرنا ہے۔

شہریار آفریدی  نے  مزید کہا کہ بھارت کے کشمیر میں مظالم کو وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کامیابی سے دنیا کے سامنے پیش کرکے کے ہندوستان کو عالمی دنیا میں بے نقاب کردیا ہے ۔