اسلام آباد،13اکتوبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ کاوشیں بروئے کار لائیں گے، اقلیتوں کے ساتھ بھارتی رویہ کے خلاف آج پوری دنیا سراپا احتجاج ہے۔
یہ بات انہوں نے چیئرمین قومی اقلیتی کمیشن چیلا رام کیولانی کی قیادت میں کمیشن کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے اقلیتوں کے خلاف جو رویہ اختیار کر رکھا ہے اس پر آج پوری دنیا اس پر سراپا احتجاج ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ڈومیسائل قواعد میں ترمیم کرکے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کی غیر آئینی کوشش کی جا رہی ہے، آج اقلیتی کمیشن کا کردار مزید اہم ہو گیا ہے۔ انہوں نے اقلیتی کمیشن کو بطور وزیر خارجہ اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ یہی تحریک انصاف کی حکومت کا منشور ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے کرتارپور راہداری کو کھول کر اس کی عملی مثال دنیا کے سامنے رکھی، یہاں سب اقلیتوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا، اقلیتیں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہی ہیں اور کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہم تمام ممکنہ کاوشیں بروئے کار لائیں گے۔
چیئرمین اقلیتی کمیشن چیلا رام کیولانی نے اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔











