لاہور،28اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح الرحمان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے میاں طارق مصباح الرحمان کولاہورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ملاقات میں صنعتکاروں اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صنعتکاروں او ر تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت بزنس فرینڈلی حکومت ہے۔ صنعتکاروں او ر تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا دفتر آپ کے لئے ہمہ وقت کھلا ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ لاہور چیمبر میں ون ونڈو آپریشن کے ماڈل کو انڈسٹریل سٹیٹس تک پھیلائیں گے۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ حج و عمرے کیلئے ٹورآپریٹرز کی سالانہ فیس ختم کرنے کا جائزہ لیں گے۔واٹر ٹیرف کا مسئلہ حل کیا جائے گا جبکہ مارکیٹوں کے مسائل کے حل کیلئے کمشنر لاہورڈویژن کی سربراہی میں کمیٹی کو فعال کریں گے اور کمیٹی میں تاجروں کے نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ تاجر برادری پارکنگ پلازوں کیلئے جگہ کی نشاندہی کریں ، لاہور میں نئے پارکنگ پلازے تعمیر کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حفیظ سینٹر میں آتشزدگی سے تاجروں کے مالی نقصان پر دکھ ہوا ہے، ازالے کیلئے کمیٹی بنائی ہے،کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں تاجروں کے نقصانات کے ازالے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں اورصنعتکاروں کے نمائندوں کیساتھ مشاورت کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھیں گے۔وزیراعلیٰ آفس تاجروں و صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے ہرممکن اقدام کرے گا۔