پشاور، 5اکتوبر(اے پی پی): وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ رشکئی اکنامک زون میں صنعتوں کے قیام کے لئے 700 سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں اور عنقریب وزیر اعظم عمران خان رشکئی اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھیں گے کیونکہ رشکئی اکنامک زون کے قیام سے صوبے میں صنعتی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی محمود خان نے آج وزیراعلی ہاؤس میں چئیرمین سی پیک اتھارٹی جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ سے ملاقات کے دوران کیا اور سی پیک منصوبوں اور سی پیک کے دسویں جے سی سی اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے بات چیت بھی کی۔
وزیراعلی اور عاصم باجوہ کی ملاقات کے دوران جلد سے جلد رشکئی اکنامک زون کے افتتاح پر اتفاق کیا گیا اور دسویں جے سی سی اجلاس کے لئے صوبے میں توانائی، روڈ انفراسٹرکچر، زراعت، صنعت، سیاحت اور سماجی شعبے سمیت دیگر مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعلی محمودخان نے ملاقات کے دوران چیئرمین سی پیک عاصم باجوہ کو بتایا کہ صوبائی حکومت اپنی بجلی کی پیداوار رعایتی نرخوں پر مقامی صنعتوں کو فراہم کر رہی ہے۔
چیئرمین سی پیک عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ دیگر منصوبوں کے علاوہ صوبے میں زراعت کے فروع کے لئے اہم منصوبے جے سی سی اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کئے جائیں گے۔











