مظفرگڑھ، 07 اکتوبر(اے پی پی): پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں ، خفیہ ٹیم کی اطلاع پرڈائریکٹر آپریشنز عطاء الحق کھوکھر کی زیر نگرانی جعلی دودھ بنانیوالی فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا ۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کے مطابق مظفر گڑھ کے علاقے سلطان کالونی، لنگر سرائے روڈ، کوٹ ادو میں شعیب سنتھیٹک ملک ہاؤس نے جعلی دودھ کی فیکٹری کھول رکھی تھی جہاں جعلی دودھ فیکٹری میں خشک پاؤڈر، کوکنگ آئل، ملاوٹ میں معاون ممنوعہ کیمیکل سے محلول تیار کیا جارہا تھا۔کارروائی کے دوران3 ہزار لٹر دودھ کے محلول سے 40 ہزار لٹر ملاوٹی دودھ تیار کیا جانا تھا مزید 625 کلو خشک دودھ سے 10 ہزار لٹر دودھ بھی تیار کیا جانا تھا دودھ سیفٹی ٹیموں نے موقع پر 3 ہزار لٹر دودھ کا گاڑھا محلول، 625 کلو خشک پاؤڈر تلف کردیا ہے۔
صفائی کے ناقص انتظام کی وجہ سے دودھ تیار کرنے والی جگہ میں گندگی، حشرات کی موجودگی بھی پائی گئیں تھیں ملک پراسیسنگ یونٹ سے خشک دودھ پاؤڈر، دودھ کے گاڑھے محلول کے نمونے لیتے ہوئےموقع پر سربمہر کردیا گیا ہے ۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ پنجاب حکومت عوام تک ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کیلئے فوڈ سیفٹی ٹیمز کو جدید آلات فراہم کر رہی ہے اور تمام اضلاع کے داخلی،خارجی راستوں پر چیکنگ کیلئے موبائل ملک لیبارٹریز میں ڈیری سیفٹی ٹیموں کو بھی تعینات کیا جارہاہے،جو ملاوٹ مافیا سے چھٹکارے کیلئےموبائل لیبز دودھ بردار گاڑیوں کے علاوہ ملک پوائنٹس کی بھی چیکنگ کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کیخلاف اطلاع پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائےگی، شکایت کنندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائیگا اور عوام کی دہلیز تک ملاوٹ سے پاک دودھ کی فراہمی حکومت پنجاب کا عزم ہے۔











