پنجاب  میں 171سہولت بازاروں کو مکمل فعال کردیا گیا ہے:پرائس کنٹرول سے متعلق اجلاس کو بریفنگ

72

لاہور ،19اکتوبر:(اے پی پی): چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت پرائس کنٹرول سے متعلق اجلاس منعقد کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پرصوبہ میں 171سہولت بازاروں کو مکمل فعال کر دیاگیاہے، 25اضلاع میں سہولت بازاروں کی جیو ٹیگنگ کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔

چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرائس کنٹرول اقدامات کی مانیٹرنگ اور کارکردگی کاروزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے رہے ہیں۔لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں سہولت بازاروں کی تعداد کو بڑھایا جائے،سہولت بازاروں میں اشیاء کی فروخت سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھجوائی جائے۔

انہوں نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پرائس کنٹرول اقدامات کے سلسلے میں ٹائیگر فورس کی خدمات سے استفادہ کیاجائے۔اوپن مارکیٹ میں بھی اشیاء کی قیمتوں، طلب اور رسد کی کڑی نگرانی کی جائے اور انسپکشنزکی تعداد کو بڑھایا جائے۔

جواد رفیق ملک نے مزید کہا کہ مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد کیلئے زرعی اجناس کی پیداوارسے متعلق معلومات کا حصول نہایت اہمیت کا حامل ہے،محکمہ زراعت اوردیگرمتعلقہ صوبائی محکموں کو اس سلسلے میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

اجلاس میں صنعت، زراعت، خوراک اور دیگر متعلقہ محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، کمشنر لاہور اورایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ   ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی  ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔