اوکاڑہ؛ پولیس کا غیرقانونی اسلحے اور  منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد گرفتار

330

اوکاڑہ،18اکتوبر(اےپی پی ):پولیس نے غیرقانونی اسلحہ اور  منشیات فروشوں کے خلاف مہم چلاکر متعدد افراد کو گرفتار کر  کے بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد کر لیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی ہدایت پر سماج دشمن عناصر کے خلاف چلائی گئی مہم کے نتیجے میں تھانہ حجرہ شاہ مقیم پولیس  نے   منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران  ایک  ملزم گرفتارکرکے اسکے قبضے سے دو کلو چرس برآمد  کر لی، عباس نامی ملزم عرصہ داراز سے اس مکروہ دھندے میں ملوث تھا۔

تھانہ صدر پولیس اوکاڑہ نے مخبر کی اطلاع پر چکنمبرپانچ فور ایل میں ریڈ کیا جہاں چالو بھٹی میں شراب کی کشید جاری تھی پولیس نے ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا، پولیس نے 60 لیٹر شراب برآمد کر لی۔

اسی طرح تھانہ راوی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کر لیا، ملزمان میں انور، فیضان اور صبح صادق شامل ہیں جن کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔

پولیس کی کامیاب کارروائیوں پر ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کے ناسور ہیں یہ کسی رعایت کے حقدار نہیں۔