اسلام آباد، 05 اکتوبر ( اےپی پی): ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان نے وزارت منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اور محکمہ منصوبہ بندی جی بی کے مشترکہ تعاون سے انعقاد کیے گئے ” گلگت بلتستان کی سماجی و اقتصادی ترقی ” کے سیمنار سے خطاب کیا۔اعلی سطحی فورم نے مواصلات ، تعلیم ، صحت ،سیاحت، توانائی اور کان کنی کے ذریعے جی بی میں صلاحیت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے تمام اقدامات پر حکمت عملی وضع کی۔
اس موقع پر ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان نے کہا کہ موجودہ حکومت جی بی کے سیاسی استحکام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے مقاصد کے حصول کے لئے پوری طرح سے پرعزم ہے۔مستحکم اور خوشحال گلگت بلتستان ملک کی معیشت میں ایک اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔وفاقی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ جی بی کو نیشنل گرڈ سے جوڑا جائے ۔ ا نہوں نے کہا کہ معدنیات کے شعبے میں ترقی جدید ٹکنالوجی کو بروئے کار لائے بغیر نا ممکن ہے ۔سیاحت کو حقیقت میں ایک صنعت بنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ، سیاحوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنا سیاحتی شعبے کو فروغ دینے کے کلیدی نکات ہیں۔
ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے PSDP + کے تحت مخصوص میگا پروجیکٹس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی سہولت کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں۔ مختلف شعبوں میں مالی اور تکنیکی مدد کے مقامی اور بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔مضبوط آر اینڈ ڈی کی مدد سے کولڈ چین ، زراعت پر مبنی صنعت اور فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کا قیام مرکزی توجہ کا مرکز ہوگا۔ جی بی کا بجٹ 2.5 ارب سے بڑھا کر 10 ارب کر دیا ہے جو گزشتہ سال سے دس گناہ زیادہ ہے ۔











