کورونا وباکے کیسز میں اضافہ کے پیش نظر احتیاطی ضابطہ کار پر سختی سے عمل کریں،صدر مملکت

288

اسلام آباد،18اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عوام پر زور دیا ہے کہ کورونا وباکے کیسز میں اضافہ کے پیش نظر احتیاطی ضابطہ کار پر سختی سے عمل کریں۔اس وبا پر کافی حد تک قابو پا چکے ہیں تاہم اس پرمکمل قابو پانے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل ناگزیر ہے۔حکومت نے سمارٹ لاک ڈاﺅن اور لوگوں کو بیروزگاری سے بچا کر موثر طریقے سے وبا کا مقابلہ کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔صدرمملکت نے کہا کہ ہم کورونا کے خلاف جنگ کافی حد تک جیت چکے ہیں تاہم ابھی مکمل کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔انہوں نے کہاکہ امریکہ ،سپین ،انگلینڈ،فرانس سمیت جن یورپی ممالک میں کورونا وائرس میں کمی آ ئی تھی ان ممالک میں یہ دوبارہ پھیل رہی ہے۔ا نہوں نے کہا کہ پاکستان نے اچھے طریقے سے اس پر قابو پایا۔عوام نے احتیاط کی۔مساجد اور بازاروں میں ماسک پہنے، بار بار ہاتھ دھونے اور سماجی فاصلہ بر قراررکھنے کی ہدایت پر عمل کیا گیا۔ کورونا وبا دوبارہ پھیلنے کے تناظر میں مزید چند مہینوں کے لئے ان احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے تا کہ ملک میں اس وبا پر مکمل قابو پایا جا سکے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کورونا وبا کے خلاف جنگ موثر انداز میں لڑی۔حکومت نے سمارٹ لاک داؤن کیا وزیراعظم عمران خان نے لوگوں کو بے روزگار نہیں ہونے دیا انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے ذریعے غریبوں کی مدد کی گئی۔ علما کرام اور میڈیا نے اس وبا سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنےکی یاد دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ماسک پہنیں۔سماجی فاصلہ رکھیں اور بار بار ہاتھ دھوئیں۔ ان احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ہی اس وبا قابو پا سکتے ہیں ہمیں ان احتیاطی تدابیر کو بھولنا نہیں چاہیے انہوں نے کہا کہ ملک میں 14 جون کو سب سے زیادہ کیسز6825 تھے جبکہ کم سےکم کیسز 31 اگست کو تقریباً 185 تھے اب پھر ان کیسز کی تعداد 700 سے بڑھ گئی ہے انہوں نے کہا کہ شادی ہالز گھروں میں اجتماعات کے دوران احتیاط کریں بغل گیر نہ ہوں۔اور احتیاطی ضابطہ کار پر عمل کریں۔