پشاور، 26اکتوبر(اے پی پی): کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے اہم کارروائی کرتے ہوئے شہر میں سرگرم خطرناک موٹر کار چور گروہ کا سراغ لگا کر سرغنہ سمیت چار ملزمان گرفتار کرلئے۔
کاروائی کے بارے تفصیلات دیتے ہوئے ایس پی کینٹ حسن جہانگیر نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار چاروں ملزمان کا تعلق ضلع چارسدہ سے ہے جو پشاور میں اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کی خاطر کرائے کی جگہ پر مقیم تھے۔
ایس پی کینٹ حسن جہانگیر نے کہا کہ ملزمان جعلی انجن چیسز نمبرات بنانے کے بھی ماہر ہیں اور یہ لوگ جعلی کاغذات بنوانے کے بعد مسروقہ گاڑیاں فروخت کردیتے تھے۔
حسن جہانگیر نے میڈیا کو بتایا کہ کارروائی کے دوران ابتدائی طور پر ملزمان کے قبضہ سے سرقہ شدہ 8 قیمتی گاڑیاں اور جعلی کاغذات اور کمپیوٹرائزڈ کارڈز برآمد کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان ایکسائز اور دیگر محکموں کے اہلکاروں سے رابطے میں تھے اور پنجاب اور دیگر شہروں کے کار لفٹرز کے ساتھ رابطے میں بھی ہیں جن کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔











