پشاور، 26اکتوبر(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ اگر ہم زیتون کی کاشت پر سنجیدہ توجہ دے دیں تو ہم اقتصادی طور مضبوط ہو جایئں گے اور زیتون کی بڑے پیمانے پر پیداوار بڑھانے سے ہمارا بجٹ ترقیاتی بجٹ سے دوگنا ہو جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے پاکستان کسٹمز پشاور کے زیر اہتمام ریگی للمہ میں شجرکاری تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ گورنر شاہ فرمان نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور “گورنر فروٹس فار آل پروگرام” کے تحت ریگی للمہ میں زیتون کا پودا بھی لگایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ گورنر فروٹس فار آل پروگرام کے تحت پاکستان کسٹمز پشاور کی جانب سے ریگی للمہ میں 250 امرود، آلو بخارا اور زیتون کے پودے لگائے جایئں گے اور ابتدائی طور پر صوبہ بھر میں 50لاکھ پھلدار پودے لگائے جا رہے ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ ہمارے صوبے کی زمین ہر قسم کے اور معیاری پھلوں کی پیداوارکے حوالے سے انتہائی زرخیز ہے اسلئے عوام کی براہ راست پہنچ والی جگہوں پر پھلدار پودے لگا رہے ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے مزید کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ خیبر پختونخوا میں پھلوں کے اتنے باغات ہوں کہ عوام کو پھل خریدنے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے اور صوبہ کے بچوں کو معیاری اور ہر قسم کے فروٹس مفت میں میسر آیئں۔











