لاہور،27اکتوبر (اے پی پی): فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور فرانسیسی صدر کے متعصب اور غیر ذمہ دارانہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ مغرب کے اس غلیظ گروہ کا مثبت انداز میں جواب دینے کے لیے منفرد اقدام کرتے ہوئے محکمہ اطلاعات پنجاب اسم محمدﷺ کو خوبصورت، خوشنما اور منفرد انداز میں لکھنے کے مقابلے اور نمائش کا انعقاد کرے گا۔
اس خطاطی مقابلے اور نمائش کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار 30 اکتوبر کو بارہ ربیع الاول کے موقع پر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تین دن جاری رہنے کے بعد یہ مقابلہ یکم نومبر کو اختتام پذیر ہو گا۔پہلی تین پوزیشنیں حاصل کرنے والے شرکاء کو انعامات اور تعریفی اسناد دی جائیں گی، مغرب کے شر پسند اور غلیظ گروہوں کی ہرزہ سرائی کا جواب دینے کا یہ منفرد اور مثبت طریقہ ہو گا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستانی عوام دنیا کو تاثر دے گی کہ ہم اسم محمدﷺ خوبصورتی سے لکھنے والوں کو سر آنکھوں پر بٹھاتے ہیں۔گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر فرانسیسی صدر ایمانیوئل میکرون کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے مسلم امہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔











